اسرائیلی جیل میں قید فلسطین کے وزیر برائے امور اسیران وصفی قبھا نے فلسطینی مجلس قانون ساز کے ارکان کو آزاد اداروں کے ساتھ مل کر متحرک ہونے کا کہا ہے-
انہوں نے اسرائیلی جیل سے بیان میں کہا کہ فلسطینی اراکین پارلیمنٹ کو مغربی کنارے میں غیر آئینی حکومت کے اقدامات کے خلاف مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالنا چاہیے- انہیں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنا چاہیے- وصفی قبھا نے کہا کہ فلسطینی سپیکر عزیز دویک کو محصور کرنا اور کام سے روکنا نامعقول ہے- وصفی قبھا نے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ مغربی کنارے میں حماس ے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف خاموشی توڑیں اور معصوم شہریوں کو قتل، زخمی، گرفتار، ان پر تشدد اور انہیں ملازمتوں سے برطرف کیے جانے کی تحقیقات کریں- وصفی قبھا نے واضح کیا کہ مذاکرات اور اتحاد ہی تمام فلسطینی مسائل کا حل ہیں- تمام فلسطینی جماعتوں کو قومی مفادات کے لیے متحد ہونا چاہیے- دوسری جانب حماس کے پارلیمان رکن ڈاکٹر یحی موسی نے واضح کیا ہے کہ مغربی کنارے میں حماس کے اراکین پارلیمنٹ کو دہشت گردانہ مہم کا سامنا ہے- انہیں کام سے روکا جارہا ہے-