غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جمعہ کے روز ہونے والے ہفتہ وار پرامن مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے دو فلسطینیوں کو شہید اور 17 کو زخمی کر دیا۔ شہید ہونے والوں میں ایک 14 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرح پر ہونے والے مظاہروں کے دوران گولیاں چلائیں جن کے نتیجے میں 14 سالہ حسن ایاد شلبی سینے میں گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 سالہ حمزہ محمد اشتیوی کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے جسے شدید زخمی حالت میں گذشتہ شام اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
مشرقی غزہ میں ہونے والے مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر سیدھی گولیاں چلائیں، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں17 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں سیکڑوں افراد دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت خطرے میں ہے اور انہیں اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس 30 مارچ سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 270 سے زائد فلسطینی شہری شہید اور 27 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔