رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکام نے دو فلسطینی شہداء کے جسد خاکی قبضے میں رکھنے کے کچھ عرصے بعد گزشتہ روز انہیں ان کے ورثاء کےحوالے کردیا۔ ایک شہید کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اوردوسرے کا غرب اردن کے شہر الخلیل سے ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکام نے دونوں شہداء کے جسد خاکی گذشتہ روز رام اللہ کےمغرب میں ’’عوفر‘‘ جیل کے مرکزی گیٹ سے ان کے ورثاء کے حوالے کیے گئے۔
صیہونی حکام نے 26 سالہ شہید مجد مطیر کو اس کے ورثاء کے حوالے کیا جو اسے لے کر شمالی القدس میں قلندیا پناہ گزین کیمپ لے گئے اور وہیں پر اس کی تدفین کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے مطیر کو پرانے القدس میں شاہراہ الواد پر13 دسمبر کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ گولیاں مارنے کے بعد اسے بے یارو مدد گار سڑک پر پھینکا گیا اور وہ 40 منٹ تک مسلسل سڑک پر پڑے رہے۔ انہیں کسی قسم کی طبی سہولت مہیا نہیں کی گئی۔
دوسرے فلسطینی شہید 42 ساہ معمر عریف الاطرش کو 103 دن مسلسل تحویل میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز اس کے ورثاء کے حوالے کیا۔ اسرائیلی فوج نے اب بھی 36 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی قبضے میں لے رکھے ہیں۔