تہران (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ نے کہا کہ بعض عرب ممالک اسرائیلی سازشوں میں برابر کے شریک ہیں اور اس کے ساتھ تعلقات کا کھل کر اظہار بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کو فلسطین کا سب سے بڑا حامی ملک قرار دیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ باحث ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخّالہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہی فلسطین کی حمایت کرنے والا واحد ملک ہے اور امریکہ اور دیگر ملکوں کی پابندیوں کی شکل میں فلسطین کی حمایت کا تاوان بھی ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسرائیل کے قیام سے لیکر آج تک مغربی ممالک اسے خطے کا حصہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
زیاد النخّالہ نے کہا کہ شام اور تحریک مزاحمت کے خلاف حملوں میں بعض عرب ملکوں کا گٹھ جوڑ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
جہاد اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ واپسی مارچ فلسطینیوں کا حتمی ہدف نہیں بلکہ غاصبانہ قبضے کے خلاف عوامی خدمت کا ذریعے ہے۔ زیاد النخّالہ نے مزید کہا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے مزاحمت ہی واحد راستہ ہے۔