رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی وزارت خارجہ نے صیہونی آباد کاروں کی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینیوں کی حمایت کے لئے عالمی برادری کے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ایک بیان میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی آباد کاروں کی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی کی شدید مذمت کی۔
فلسطین کی وزارت خارجہ کے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں پر صیہونی آباد کاروں کے حملوں میں تیزی اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے ان صیہونی آباد کاروں کی جاری حمایت کے نتیجے میں آئی ہے اور وہ فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کے لئے راستوں کو بند کر کے فلسطینیوں کی گاڑیوں پر بھی حملے کر رہے ہیں جبکہ اس قسم کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔
فلسطین کی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کے قومی مفادات اور فلسطینی قوم کو لاحق خطرات کے مقابلے میں تمام فلسطینیوں میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔