غزہ(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقوں غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مشرقی رفح میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 25 سالہ ایھاب عطا اللہ حسین عابد شہید اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ غزہ میں ہفتہ وار حق واپسی مظاہروں میں شریک تھے۔
ادھر فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں سلواد کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان 17 سالہ ایمن اکرم عثمان حامد شہید ہو گیا۔ سلواد میں فلسطینی شہری جمعہ کی نماز کے بعد صیہونی آباد کاری اور اراضی ہتھیانے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔