مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تحریک اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں اور اسرائیلی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے بعد اسیران نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے فلسطینی اسیران کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے اسیران کی عزت کے تحفظ کا یقین دلایا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیران کے شعبہ اطلاعات کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کو ان کے حقوق کی فراہمی کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اسرائیلی حکام نے ’’عوفر‘‘ فوجی جیل میں قید فلسطینیوں کو ان کا سامان واپس کر دیا گیا ہے۔
بیان میں اسیران کی طرف سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے منظم جدو جہد اور اسرائیلی حکام کے مظالم کے سامنے ثابت قدم کے ساتھ کھڑے رہنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی تحریک اسیران اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔
خیال رہے کہ ’’عوفر‘‘ جیل میں 1200 فلسطینی زیر حراست ہیں۔ان میں 100 بچے ہیں جنہیں 20 جنوری کے بعد اسرائیلی فوج کے منظم انتقامی حربوں کا سامنا تھا۔