مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل نے لبنان اور شام کی سرحد پر کشیدگی اور غزہ کی پٹی جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد کسی بھی امکانی خطرے کے پیش نظر دارالحکومت تل ابیب میں فضائی دفاعی نظام ’’آئرن ڈوم‘‘ نصب کردیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ’’آئرن ڈوم‘‘ نامی دفاعی نظام تل ابیب کے علاقے ’’گوش ڈان‘‘ میں نصب کیا گیا ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے یہ دفاعی اقدام تین محاذوں پر پائی جانے والی کشیدگی کے پیش نظر کیا ہے۔ ایک طرف اسرائیل کو غزہ کی پٹی کی سرحد پر فلسطینیوں کے احتجاج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں کا خطرہ ہےاور دوسری طرف شام اور لبنان کی سرحد پر بھی کشیدگی پائی جا رہی ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ ’’ واللا‘‘ کے مطابق گوش ڈان میں دفاعی نظام ایک ایسے وقت میں تعینات کیا ہے جب جنوبی سرحد پر غزہ میں آج جمعہ کو فلسطینیوں کا احتجاج متوقع ہے۔
خیال رہے کہ ’’آئرن ڈوم‘‘ اسرائیل کا کم فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں کو روکنے کا دفاعی نظام سمجھا جاتا ہے۔ اسے زیادہ ترغزہ کی پٹی کے فلسطنی مزاحمت کاروں کے تیار کرہ راکٹوں کے توڑ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بمباری کی تھی جس میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینیوں کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار بھی شدید زخمی ہوا ہے۔