غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مصرمیں خراب موسم اور سمندر میں اٹھنے والی طوفانی لہروں کے باعث ماہی گیروں کی کشتی بے قابو ہو کرغزہ کے ساحل سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیرلا پتا ہوگیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں چھ کو بچالیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ فلسطینی پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی مصری ماہی گیروں کی کشتی سے چھ مصری شہریوں کو بچا لیا ہے اور ان کے ساتویں ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
معمولی زخمی ہونے والے مصری شہریوں کو غزہ کی پٹی کے شہداء الاقصیٰ اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد انہیں مصر واپس بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب حادثے سے دوچار ہونے والے مصری ماہی گیروں نے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سمندر میں اٹھنے والی طوفانی لہروں کے باعث ان کی کشتی غزہ کے ساحل سے جا ٹکرائی۔ انہوں نے اپنی شناخت طہ عکاشہ، محمد جمال حمامی، احمد جمال حمامی، احمد محمد شبار، مجدی محمد صابر کے ناموں سے کی جبکہ ان کے ساتویں لاپتا ساتھی کی شناخت جمعہ العشی کے نام سے کی گئی ہے۔ ان چھ کا تعلق دمیاط کے عزبہ البرج کےعلاقے سے جب کہ لاپتا ہونے والے کا تعلق مصر کی الفیوم گورنری سے بتایا جاتا ہے۔