مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی دینی اور مذہبی قوتوں نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ کے تاریخی اسٹیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گےاور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القدس کی اوقاف کونسل، سپریم اسلامک کونسل، شعبہ الافتا اور القدس اسلامی اوقاف کے علاوہ القدس کی دیگر مذہبی جماعتوں نے کہا ہے کہ اسرائیل طے شدہ منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ کے تاریخی، قانونی اور مذہبی اسٹیٹس کو پامال کر رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل علاقائی، عرب اور اسلامی دنیا میں جاری خلفشار کی کیفیت سے فائدہ اٹھانے اور امریکی فیصلوں سے فائدہ اُٹھا کر قبلہ اوّل کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہا ہے۔
بیان میں قبلہ اوّل کی بنیادوں میں جاری کھدائیوں، مقدس مقام پرصیہونیوں کے دھاوؤں اور مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج اور پولیس کےحملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
فلسطین کے مذہبی اداروں نے عالم اسلام اور عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ قبلہ اوّل کے دفاع اور القدس کی آزادی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔