مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی آباد کاروں کا تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ پر دھاوؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق کل منگل کو 71 صیہونی بلوائی اور اسرائیلی فوجیوں نے قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف نے بتایا کہ منگل کے روز علی الصباح درجنوں صیہونی آباد کار پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور صیہونی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز شام کے وقت متعدد صیہونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل پراجتماعی یلغار کی۔ اس موقع پرفلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے صیہونیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگراسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغار کے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پائی جار ہی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پراسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات ہے۔