الخلیل (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں ایک کارروائی کے دوران شہید فلسطینی اشرف ابو ذریع کی والدہ کو توہین آمیز سلوک کے بعد حراست میں لے لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے 60 سالہ مسز ابو ذریع کو دورا کے مقام سے حراست میں لینے کے بعد حراستی مرکز منتقل کر دیا ہے۔
مسز ابو ذریع کو بیت ھوا میں قائم ایک چوکی سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنے گھر لوٹ رہی تھی۔ اسے بس سے اتارنے کے بعد فوجی جیپ میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ مسز ابو ذریع کے دو معذور بچے ہیں اور وہ ان کی اکیلی کفیل ہیں۔ ان کے ایک بیٹے اشرف ابو ذریع کو 21 جنوری 2013ء کو گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا تھا۔