جدہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی ترقیاتی بینک اور الاقصیٰ انتظامی کمیٹی کی طرف سے فلسطین میں صحت اور تعلیم کے شعبے کے لیے 1 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الاقصٰی والقدس فنڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سعودی عرب کے اسلامک عرب فنڈز کے چیئرمین اور وزیر مملکت ناصر قطامی نے شرکت کی جب کہ اجلاس کی صدارت اسلامی ترقیاتی بینک کے چیئرمین انجینیر بن ابراہیم البسام نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر القطامی نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کا غاصبانہ قبضے کے خلاف القدس کے باشندوں کو سب سے زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔
قطامیی نے مزید کہا کہ الاقصیٰ والقدس فنڈ کی جانب سے اسلامی ترقیاتی بنک سے فلسطین میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مالی امداد فراہم کرنے کی درخواست دی تھی تاکہ القدس کے باشندوں کو ثابت قدم رکھنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2000ء کے بعد سے فلسطینی اتھارٹی کو صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، تعمیرات اور روزگار کے لیے 1 ارب 38 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے۔