مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملٹری انٹیلی جنس کا ایک انتہائی مہنگا پروجیکٹ تکمیل سے قبل ہی ناکامی سے دوچار ہوگیا ہے۔ اس پروجیکٹ پر اربوں ڈالر کی لاگت آئی تھی اور اسے مکمل راز داری کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملٹری انٹیلی جنس کے اس پروجیکٹ کو حساس ہونے کی وجہ سے صیغہ راز میں رکھا گیا تھا اور اس پر اربوڈالر کا بجٹ صرف کیا گیا۔
اخبار نے اس منصوبے دیگر تفصیلات نہیں بتائیں تاہم اخبار کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ کئی سال سے جاری تھا۔ اس میں انٹیلی جنس مقاصد کے لیے جدید آلات کی تیار اور دیگر پروگرامات شامل تھے۔
اس منصوبے کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا۔ اسے شروع سب اب تک صیغہ راز میں رکھا گیا اور کسی کو اس کی بھنک تک نہیں پڑنے دی گئی تاہم یہ پروجیکٹ اپنی تکمیل سے قبل ناکام ہوگیا۔
اخبار لکھتا ہے کہ اس طرح کے منصوبے عموما انتہائی راز داری کے ساتھ چلائے جاتے ہیں اور ان پر بجٹ آسانی کے ساتھ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کی انتہائی سخت نگرانی اور سیکیورٹی کی جاتی ہےتاکہ اس کے بارے میں معلومات کسی ذریعے سے باہر نہ پہنچیں۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ تین سال سے یہ منصوبہ جاری تھا۔ غیرمعمولی ہونے کی وجہ سے یہ پروجیکٹ صیغہ راز میں رکھا گیا تھا۔