مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی شرپسندوں کی طرف سے مسلمانوں کے قبلہ اوّل پر دھاوؤں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روزدرجنوں صیہونی شرپسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مسلمانوں کے تاریخی مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ صیہونی آباد کار مسجد اقصیٰ کے ’’مراکشی دروازے‘‘ کے راستے صبح اور شام کے اوقات میں اندر داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں قبلہ اوّل کی بے حرمتی کرتے رہے۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی دروازے بند کردیے گئے اور فلسطینیوں کو قبلہ اوّل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو 31 صیہونی آبادکاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر بے حرمتی کی۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کا باب المغاربہ سنہ 1967ء کے بعد قابض صیہونیوں کے نرغے میں ہے اور صیہونی اسی دروازے کو قبلہ اوّل میں دھاوؤں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اس موقع پر اسرائیلی فوج نے اور پولیس نے آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل بدھ کو قبلہ اوّل پر دھاوے بولنے والے آباد کاروں میں مذہبی پیشوا بھی شامل تھے۔