بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) لبنان کے صدر میشل عون نے امریکی منصوبے سینچری ڈیل پر عمل درآمد کے نتائج پر خبردار کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صدر میشل نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو تباہ اور سینچری ڈیل منصوبے پر عمل کر کے جس میں فلسطین کی سرزمین اور اس کے تشخص کو نظرانداز کیا گیا ہے، انصاف کا قیام عمل میں نہیں آ سکتا۔
انھوں نے کہا کہ لبنان، مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عمل کئے جانے کا خواہاں ہے۔
لبنانی صدر نے کہا کہ سینچری ڈیل منصوبے میں ساری باتیں خطرناک ہیں اور اس پر عمل کرنے سے موجودہ جنگ کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔
انھوں نے کہا کہ عالمی برادری اگر امن کی خواہاں ہے تو اسے سینچری ڈیل منصوبے کو مسترد کرنا ہو گا چونکہ اس میں بیت المقدس کو اسرائیل کے حوالے اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق کو پامال کیا گیا ہے اور صرف غزہ اور غرب اردن کے کچھ ہی علاقوں پر فلسطین کے حق مالکیت کی بات کہی گئی ہے۔