غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) تحریک فتح کے منحرف رہنما محمد دحلان کے وفادار دھڑے نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے غزہ میں اسیران کے اہل خانہ کے الاؤنس روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صدر عباس اور فلسطینی اتھارٹی کی معاشی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فتح کے دحلان گروپ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر محمود عباس ان کا ٹولہ غزہ کے عوام سے اجتماعی انتقام لینے کی پالیسی پرعمل پیراہے۔ غزہ کے محصور اور غریب شہریوں کےالاؤنس روک کران کے معاشی حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ صدر عباس کے اس اقدام کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر عباس کی طرف سے غزہ کے اسیران کے الاؤنس روکنا شہریوں کے منہ سے نوالہ چھیننے اور ان کے معاشی حقوق پرڈاکہ زنی کے مترادف ہے۔
دحلان گروپ کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسیران اور شہداء کے خاندانوں کے مالی وظائف روکنے کا کوئی جواز نہیں۔ یہ اقدام سراسر معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی اسیران کے 420 خاندانوں کو ماہانہ بنیادوں پر فراہم کیے جانے والے الاؤنس ختم کردیے ہیں۔