مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے ایک کثیرالاشاعت عبرانی اخبار’’ہارٹز‘‘ نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست وادی اردن کے علاقوں کو ضم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار میں شائع کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت وادی وادن کے بعض علاقوں کو آہستہ آہستہ اسرائیل میں ضم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے شمالی وادی اردن میں ’’خربہ ابو زیک‘‘ نامی ایک فلسطینی گاؤں مسمار کردیا گیا جس کا مقصد وادی اردن کے اس علاقے کو اسرائیلی ریاست میں شامل کرنا اور وہاں پر موجود فلسطینیوں کو نکال باہر کرنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خربہ ابو زیک قصبے میں سیکڑوں فلسطینی بدو آباد ہیں جن کا پیشہ کھیتی باڑی اور مال مویشی پالنا ہے۔ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے فلسطینیوں کے کچے مکان مسمار کردیے تھے جس کے بعد وہاں کی فلسطینی آبادی کھلے آسمان تلے ہے۔
اخبار لکھتا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے وسط میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی دیہاتیوں کو حکم دیا تھا کہ وہ علاقہ خالی کردیں تاکہ فوج اس علاقے میں مشقیں کرسکے۔ اس وقت شہری گھروں سے نکل گئے۔ شام کو واپس آئے تو اسرائیلی فوج ان کے گھروں کو مسمار کرچکی تھی۔