غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں نے اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف ایک بار پھر نئی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحریک اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جلادوں کےانتقامی حربوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
فلسطینی اسیران تحریک کا کہنا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل اسیران پرعزم، بیدار اور اللہ پر بھرپور بھروستہ اور توکل کیے ہوئے ہیں اور وہ کسی بھی وقت اپنے حقوق کےحصول کے لیے تحریک شروع کرسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسیران اسرائیلی ریاست کے نئے مظالم کا شکار ہیں۔ جیلوں میں قیدیوں کوادنیٰ درجے کےانسانی حقوق بھی میسر نہیں، حتیٰ کہ اسرائیلی ریاست کے وضع کردہ قوانین بھی انہیں فراہم نہیں کیے جاتے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو صیہونی جیلروں کی طرف سے آئے روز نئے نئے مظالم کا سامنا رہتا ہے۔ فلسطینی شہری اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوتے ہیں۔
فلسطینی تحریک اسیران کے اس بیان پر حماس، فتح، اسلامی جہاد، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین اور جمہوری محاذ کے دستخط ثبت ہیں۔