مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی آباد کاروں کا تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ پر دھاوؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق کل جمعرات کو درجنوں صیہونی انتہا پسندوں اور قابض اسرائیلی فوجیوں نے قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے مطابق جمعرات41 صیہونی آباد کار پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور صیہونی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی آباد کاروں کی قبلہ اوّل پر یلغار کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگر قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغار کے باعث مسجد اقصیٰ میں کشیدگی پائی جار ہی ہے۔ مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات ہے۔
خیال رہے کہ گشتہ برس 30 ہزار سے زائد صیہونیوں نے قبلہ اوّل کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔