رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی جیلوں میں قید ایک فلسطینی شہری کا اڑھائی سال سے ٹرائل جاری ہے اور اب تک 106 بار اس کا ٹرائل کیا جا چکا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیر 40 سالہ محمد الحلبی کو اسرائیلی فوج نے 15 جون 2016ء کو حراست میں لیا تھا۔ وہ امریکا کے ایک بین الاقوامی ادارے ’’Worldvision‘‘کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں غزہ سے بیت حانون گذرگاہ کے راستے غرب اردن داخل ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا۔
انسانی حقوق کے مندوب عبدالناصر فروانہ نے کہا کہ اسرائیلی عدلیہ کی تاریخ ظلم سے بھرپور ہے۔ صیہونی عدلیہ کی تاریخ کوئی ایک بھی شفاف اور منصفانہ فیصلہ نہیں۔ عدالتیں اسرائیلی ریاست کے ہاتھ میں فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے اور سیکیورٹی اداروں کے فیصلوں کو مسلط کرنے کا آلہ کار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الحلبی اس وقت ’’نفحہ‘‘ جیل میں قید ہیں۔ اسرائیلی جیلر اور جلاد دانستہ طورپر الحلبی کو تشدد اور اذیت کا نشانہ بنا رہےہیں۔