استنبول (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ عالمی پارلیمنٹ کے اجلاس نے اختتامی سیشن کے موقع پر جاری کردہ اعلامیےمیں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کے جرائم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے اور ان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عالمی پارلیمان برائے القدس کا دو روزہ اجلاس استنبول میں ہوا۔ اجلاس میں 80 ملکوں کے 500 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
اس موقع پر فلسطینیوں کے خلاف صیہونی ریاست کے مظالم کو بے نقاب کرنے پر زور دیا۔ اجلاس سے ترک صدر طیب ایردوآن، وزیراعظم بن علی یلدرم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت کئی عالمی اور عرب رہنماؤں نے شرکت کی۔
جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں ہونے والے عالمی پارلیمانی جلاس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے منظم جرام کی روک تھام پر زور دیا گیا۔ فلسطین اور قضیہ فلسطین کے حل کے لیے ہونےوالی مساعی کو منظم اور مربوط بنانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں عالمی اور علاقائی سطح پر ملکوں کی پارلیمانوں کو فلسطین کے حوالے سے فعال کرنے، القدس اور فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد اور حمایت کے حصول پر زور دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطینی قوم کی عوامی اور سرکاری سطح پر مدد اور نصرت واجب ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک منظم سازش اور حکمت عملی کے تحت قضیہ فلسطین کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ فلسطین اور القدس کی تاریخی اور جغرافیائی حیثیت کو مٹا رہا ہے۔ اعلامیے میں اسرائیل کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، سماجی اور دیگر شعبوں میںتعلقات کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا ہے عالم اسلام کو صیہونی ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام سے دور رہنا چاہیے۔