غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے شام پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کو ننگی جارحیت قرار دیتے ہوئے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی دشمن بار بار سرزمین شام کی خود مختاری پر حملے کر رہا ہے۔ اسرائیل خود کو عالمی قوانین سے بالا تر سمجھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئے روزصیہونی فوج شام پر فضائی حملے کرتی ہے۔
حماس رہنما نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شام پر اسرائیلی فوجی حملے خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ عالمی برادری کو یہ ادراک کرنا ہوگا کہ صیہونی ریاست کی وجہ سے پورے خطے کی سلامتی دائو پر لگی ہوئی ہے۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ عالمی برادری کو صیہونی ریاست کے جرائم اور پڑوسی ملکوں کی خود مختاری کو پامال کرنے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونی دشمن فلسطینی قوم پر روزانہ کی بنیاد پر حملہ آور ہے۔
حماس رہنما نے کہا کہ عرب اور مسلمان ممالک کو مل کرصیہونی دشمن کا مقابلہ کرنا اور صہیونی جارحیت سے روکنا ہوگا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے شام کے دارالحکومت دمشق پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔