فلسطین فاونڈیشن پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جمعة الوداع کو ملک بھر میں سرکاری طور پر”یوم القدس” کے طور پر منایا جائے۔ اس دن کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں سمیت سینٹ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کے لئے قراردادیں منظور کی جائیں۔ ان مطالبات کا اظہار سرپرست کمیٹی فلسطین فاونڈیشن پاکستان اور جماعت اسلامی کے رہ نما مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہ نما مولانا قاضی احمد نورانی صدیقی، جعفریہ الائنس پاکستان کے علامہ آفتاب جعفری اور سابق طالب علم رہ نما اسامہ رضی پر مشتمل پینل نے کراچی میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے رہ نماوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل کا وجود ایک ناسور کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطے میں نہ ختم ہونے والے فساد نے جنم لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناپاک اسرائیلی ریاست کی تشکیل سے تمام اسلامی دنیا براہ راست متاثر ہوئی ہے لیکن تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس ناسور کے شر سے نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان جیسی نظریاتی مملکت میں جو خونی کھیل کھیلا جارہا ہے اس کے تانے بانے بھی اسرائیل سے جا ملتے ہیں۔ فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے رہ نماوں نے کہا اس پس منظر میں کراچی یونیورسٹی کے سابق طلبا کی جانب سے پی ایل پی طرز کا پلیٹ فارم کسی نعمت سے کم نہیں کہ جہاں تمام مکتبہ فکر اور سیاسی نظریات رکھنے والے اکابرین اس بنیادی مسئلے کے حل کیلے متحد ہو کر جمع ہیں تاکہ پاکستان کی غیور عوام کی توجہ بھی اس اصل بنیادی مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ فلسطین فاونڈیشن پاکستان کی سرپرست اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین اس بات کا عزم لیکر آگے بڑہے ہیں کہ اگر ہم نے اپنی اس سرزمین پر آگ وخون کے جاری اس کھیل کو روکنا ہے تو سب سے پہلے ہمیں قبلہ اول بیت المقدس کی "ھل من ناصر ینصرنا” کی صدا پر لبیک کہنا ہو گا، جب تک ہم عالمی استعمار صہیونی ریاست کے غاصبانہ وجود کے خلاف برسرپیکارمظلوم فلسطینی بھائیوں کے ہم آواز نہیں ہوں گے اس وقت جان لیں ہمارے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے۔ اس لیے کہ اب یہ بات واضح ہے کہ پاکستان، افغانستان او عراق میں جاری یہ گھناونا کھیل صرف اور صرف "گریٹراسرائیل” کے خواب کی تکمیل کیلے کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فاونڈیشن پاکستان فلسطین اور قبلہ اول کی سرزمین پرہونے والی سازشوں اور اسرائیلی بربریت سے پاکستان عوام کو بالخصوص اور باقی اقوام عالم کو بالعموم آگاہ رکھنا چاہتی ہے۔ مظفر احمد ہاشمی نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی کیلے دنیا بھر کے مسلمان جمعة الوداع کو "یوم القدس” کے طور پر مناتے ہیں۔ فلسطین فاونڈیشن پاکستان نے بھی اس دن کی مناسبت سے 14 ستمبر بروز پیر شام 4:30 بجے کراچی کے فاران کلب میں انٹرنیشنل فلسطین کانفرنس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان کے غیور مسلمانوں کی اسرائیل کے خلاف قبلہ اول کی آزادی کیلے بلند ہونے والی صدا دنیا بھر میں اٹھنے والی صدائے احتجاج کا حصہ بن سکے۔ اس مجوزہ کانفرنس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسرغفور احمد، مسلم لیگ ق کے جنرل سیکریٹری مشاہد حسین سید، مسلم لیگ ن کے سینٹر مشاھد اللہ خان ، مولانا شاہ انس نورانی سربراہ ورلڈ اسلامک مشن، تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی ، سربراہ جعفریہ الائنس علامہ عباس کمیلی اور لبنان سے حماس کے نمائندے اوسامہ حمدان ٹیلی فون پر خصوصی خطاب کریں گے۔ یوم القدس کی مناسبت سے تنظیم خصوصی مجلہ "وائس آ ف فلسطین” اور فلسطین کے موضوع پر دستاویزی فلم کی ویڈیو سی ڈی کا اجرا بھی کرے گی۔ شرکاء نیوز کانفرنس نے پاکستانی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس نازک موقع پر "قبلہ اول” کی آزادی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی مذمت کے لئے جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پرمنا کر عالم اسلام سے اپنی یکجہتی کا مکمل ثبوت دیں