مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کے زیر کمانڈ سیکیورٹی فورسز کا اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے اراکین پر وحشیانہ تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق بیت لحم میں بدھ کے روز حماس کے اراکین کے خلاف کیے گئے
سرچ آپریشن میں تنظیم کے اراکین کوبدترین تشدد کا نشانہ بنایاگیا اورکئی افراد کو بلاجوازحراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔ دوران تشدد حماس کے تین اراکین سخت اذیت کا نشانہ بنائے جانے سے بے ہوش ہوگئے اور انہیں کئی باردل کے دورے پڑے۔ شدید زخمی ہونے والوں کے نام فتحی رملاوی، بسام ابودیہ اور حسام یمنی بتائے گئے ہیں۔ اس دوران ایاد حبیب نامی شہری کو اسرائیلی جیل سے رہائی کے فوری بعد اس کے گھر پہنچنے سے قبل گرفتار کرلیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کے زیراہتمام عقوبت خانوں میں اسیر حماس کے اسیران کووحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بد ترین تشدد سے کئی قیدیوں کے ہاتھ، پاؤں اور پسلیاں توڑ دی گئی ہیں۔