(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل اور بیت لحم میں ایک مقامی مسافر بس میں گھس کر کھلونا پستول سے فلسطینی مسافروں کو ڈرانے دھمکانے میں ملوث دو یہودی آباد کاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گرفتار یہودی آباد کاروں کی عمریں 19 اور 22 سال ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بیت لحم اور الخلیل کے درمیان چلنے والی ایک مسافر بس میں سوار ہو کر اس میں بیٹھے فلسطینی مزدوروں کو کھلونا بم سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ دونوں یہودی لڑکوں کے ہاتھوں میں پلاسٹک کی کھلونا پستول تھیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک یہودی آباد کار نے بس میں گھس کر ایک فلسطینی مسافر کی کپٹی پر پستول رکھا اور اسے کہا کہ اپنی زندگی کے لیے دعا کرو۔ رپورٹ کے مطابق حراست میں لیے گئے یہودی آباد کاروں کو بیت المقدس کی ایک مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا ہے جہاں عدالت نے انہیں مزید تفتیش کے لیے آج شام تک پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔