فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ممتاز عالم دین اور فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ واقعہ معراج تمام مسلمانوں کو بالعموم اور فلسطینی مسلمانوں کو بالخصوص قبلہ اوّل میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے کی دعوت دیتا ہے۔ اس لیے فلسطینی قوم واقعہ معراج کے موقع پر قبلہ اوّل میں آئیں، عبادات اور نوافل کی ادائیگی کے ساتھ قبلہ اوّل سے اپنے تعلق کا ثبوت پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کے لیے یہ بات انتہائی قابل فخرہے کہ ہم قبلہ اوّل کے امین اور محافظ ہیں۔ دنیا کے تیسرے مقدس ترین مقام کے متولی ہونے کی حیثیت سے قبلہ اوّل کے دفاع کی پہلی ذمہ داری بھی فلسطینی قوم پرعائد ہوتی ہے۔ یہی وہ مقدس مقام ہے جہاں سے پروردگارعالم نے نبی آخر الزمان سرورکونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا سے آسمان دنیا کی سیر کرائی اور سفر معراج کا شرف سرزمین فلسطین کو بھی بخشا گیا۔