(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے سرکردہ عالم دین اور بزرگ فلسطینی رہنما الشیخ رائد صلاح نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست کا زوال نوشتہ دیوار ہے۔ صہیونی دشمن نے طاقت کے ذریعے فلسطینی شہریوں کو قبلہ اوّل سے دور رکھنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں مگر دشمن کی یہ سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ رائد صلاح نے کہا ہے کہ فلسطینی شہریوں کا قبلہ اوّل میں نماز ادا کرنا اورنعرہ تکبیر بلند کرنا بھی سنگین جرم بن چکا ہے۔ قبلہ اوّل میں ’’اللہ اکبر‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کو ہراساں کیا جاتا اورانہیں گرفتار کے زندانوں میں ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف فلسطینی شہریوں کی قبلہ اوّل میں آمد پرظالمانہ پابندیاں عائد کی جاتی ہیں اور دوسری طرف یہودی غنڈہ گردوں کو تلمودی تعلیمات کے مطابق اشتعال انگیز مذہبی رسومات کی ادائیگی، یہود انتہا پسندوں کو وہاں پر جانوروں کو قربان کرنے اور یہودی آباد کاروں کی خفیہ شادیوں تک کی کھلی اجازت دی جاتی ہے۔ اسرائیل کی یہ تمام سازشیں عارضی ہیں۔ صہیونی ریاست کا زوال یقینی ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب قبلہ اوّل مکمل طور پر آزاد ہوگا اور دشمن زول کا شکار ہوگا۔
شیخ رائد صلاح نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ صہیونی ریاست کے جبرو تشدد سے خوف زدہ نہ ہوں بلکہ قبلہ اوّل کے ساتھ اپنا تعلق قائم رکھیں اور یہودیوں کی مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔
