(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی سرکردہ مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ جنگی جرائم کا سلسلہ بند کرے ورنہ اسلامی جہاد کے جانثار دشمن کو ہرجگہ پر نشانہ بنائیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد شہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دشمن نہتے فلسطینیوں کے خلاف ننگی جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے مضبوط سیاسی اور مزاحمتی موقف کی عدم موجودگی نے دشمن کو فلسطینیوں کے خلاف مزید جری بنا دیا ہے۔داؤد شہاب نے کہا کہ غرب اردن میں دو فلسطینی نوجوان بہن بھائیوں کو نہایت بے رحمی کے ساتھ گولیاں مار کر شہید کرنے کا واقعہ صہیونی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو کچلا نہیں جا سکتا ہے۔ اسرائیل کو فلسطینی شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی بیت المقدس میں قلندیہ چیک پوسٹ پر گولیاں مار کر شہید کیے گئے فلسطینی بہن بھائیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا بلکہ اسلامی جہاد اور دوسرے فلسطینی مزاحمتی گروپ اس کا پورا پورا بدلہ لیں گے۔
اسلامی جہاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہی ہے جب کہ اسرائیل اپنے جبرو توتلسط کو فلسطینیوں پر مسلط کرنے کے لیے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کے بدترین مظاہر کا سلسلہ جاری ہے۔ دو روز قبل قابض فوجیوں نے بیت المقدس اور مغربی کنارے کے درمیان ایک چیک پوسٹ پر دو فلسطینی بہن بھائیوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں فلسطینی بہن بھائی نے بندوق اٹھا رکھی تھی اور انہوں نے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں کہ فلسطینی لڑکا اور اس کی بہن اسرائیلی فوجیوں پرحملے کے ارادے سے آئے تھے۔
