(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے زیرحراست فلسطینی صحافی محمد نمر عصیدہ کو 18 ماہ قید با مشقت کی سزا کا حکم دیا ہے۔ اسیر صحافی کا تعلق مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے مغربی قصبے تل سے بتایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسیر صحافی نمر عصیدہ کے بھائی احمد عصیدہ نے بتایا کہ منگل کے روز علی الصباح اسرائیل کی سالم نامی فوجی عدالت نے اس کے بھائی کو ڈیڑھ سال قید کی سزا کا حکم دیا۔احمد نے مزید بتایا کہ محمد نمر عصیدہ کو اسرائیلی فوج نے 15 اکتوبر 2015 ء کو حراست میں لیا تھا اور اسے چھ ماہ تک انتظامی حراست میں رکھا گیا۔
خیال رہے کہ نمر عصیدہ کو ماضی میں بھی اسرائیلی فوج گرفتار کرکے جیلوں میں قید کرتی رہی ہے۔ وہ اب تک چار سال سے زائد عرصہ اسرائیلی قید خانوں میں قید کاٹ چکے ہیِں۔
اس وقت اسرائیل کی جیلوں میں 18 صحافی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں سے بیشتر کو انتظامی حراست کی سزائیں دی گئی ہیں۔
