(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رام اللہ کے مغربی علاقے میں عوام کے ایک اجتماع کے ضمن میں مختلف طبقوں کے لوگوں اور قومی شخصیتوں نے حزب اللہ لبنان اور اسلامی مزاحمت فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے عرب لیگ کی جانب سے کی گئی حزب اللہ مخالف سرگرمیوں کی شدید مذمت کی۔
اس اجتماع میں مظاہرین نے فلسطین کی آزادی پر تاکید کرتے ہوئے حزب اللہ لبنان اور اسلامی مزاحمت کے حق میں نعرے لگائے۔اجتماع میں فلسطینیوں نے سید حسن نصر اللہ اور سید عبد الملک الحوثی کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم ہمیشہ مزاحمت کی پشت پناہی کریں گے اور اس کے فیصلوں کی حمایت کریں گے
رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے میں غرب اردن کے فلسطینیوں کے علاوہ مقبوضہ جولان کے رہنے والے دروزیوں نے شرکت کی اور رام اللہ کے شہر کفرنیمہ کی تحریک مزاحمت کے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
فلسطین لبریشن فرنٹ کے ایک رکن عمر شہادہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں حزب اللہ اور تحریک مزاحمت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مجاہدین، غاصبانہ قبضے کےخاتمے اور فلسطین کی آزادی کے لیے کئی نسلوں سے جنگ کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے، حزب اللہ کی حمایت میں مظاہروں کے انعقاد کے بعد، فلسطین لبریشن فرنٹ اور فتح تحریک کے درمیان ہر قسم کے مالیاتی لین دین کو روکنے کا حکم دیا ہے۔
