(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ شہر بئر سبع میں واقع سابق جاسوس عودہ الترابین کا مکان یہ کہہ کر مسمار کردیا کہ اس نے یہ مکان غیر قانونی طورپر تعمیر کر رکھا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جاسوسی کے الزام میں 15 سال تک مصر میں قید کی سزا کاٹنے والے عودہ الترابین نے بئر سبع میں اپنے مکان کی مسماری کی تصدیق کی ہے اوراس پر افسوس کا بھی اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الترابین کا کہنا ہے کہ ’’حکومت کو میرا گھر مسمار کرتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی‘‘۔خیال رہے کہ عودہ الترابین کو پانچ ماہ قبل مصر اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کےایک معاہدے کے دوران رہا کیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد اسرائیلی حکومت نے الترابین کا شاندار استقبال کیا تھا تاہم بئر سبع میں واقع اس کے مکان کو غیرقانونی قرار دے کر اس کی مسماری کا بھی حکم دیا تھا۔ مکان کی مسماری کا نوٹس ملنے کے بعد عودہ الترابین نے اپنی شادی کا پروگرام بھی ملتوی کردیا تھا۔
