(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ سوموار کو اسرائیلی حکام کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کو فراہم کی گئی بجلی اچانک کاٹ دی جس کے نتیجے میں شہریوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق القدس الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈائریکٹر ھشام العمری کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ بیت لحم کی بجلی بلات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کاٹی گئی ہے۔ جب تک بجلی کے سابقہ واجبات ادا نہیں کیے جاتے اس وقت تک بجلی بحالی نہیں کی جاسکتی ہے۔ تاہم مقامی ذارئع کا کہنا ہے کہ بعدا زاں بجلی جزوی طورپر بحال کردی گئی تھی۔قبل ازیں اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹس میں کہا گیا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ اور اس کے مضافاتی علاقے البیرہ کی بجلی کاٹ دی جائے گی۔ اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ بجلی عدم ادائیگی کے باعث رام اللہ اور البیرہ کے تمام قصبات کی 50 فی صد بجلی منطقع کردی جائے گی۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ رام اللہ اور البیرہ کو فراہم کردہ بجلی صبح دس سے مقامی وقت کے مطابق دن 2 بجے تک بند رہے گی۔ تاہم بعد ازاں صہیونی حکام نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے رام اللہ کے بجائے بیت لحم کی بجلی کاٹ دی تھی۔
