(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے لبنان کی سرحد سے متصل شمالی فلسطین میں الجلیل شہر میں کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر شروع کردی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج کی انجینیر کور کے زیراہتمام ملک کے شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لبنان کی سرحد کے ساتھ ساتھ دیوار کی تعمیر 9 میٹر اونچی ہوگی۔ دیوار کے درمیان کچھ فاصلے پر اسرائیلی فوجیوں کے لیے کنٹرول ٹاور بنائے جائیں گے جن کی مدد سے سرحدی علاقوں کے قرب وجوار میں کسی بھی قسم کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جاسکے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کی سرحد سے متصل علاقے میں کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب دوسری جانب لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ گذشتہ برس کے آخر میں اسرائیل نے شام میں ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیر کمانڈر سمیر القنطار کو کئی ساتھیوں سمیت قتل کردیا تھا جس کے بعد حزب اللہ نے اس کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ حزب اللہ کی دھمکی کے بعد اسرائیل نے لبنان سے متصل اپنی سرحد سیل کردی تھی اور سرحد پر سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
