رپورٹ کے مطابق بھارتی اور سری لنکا کے سفارت خانوں کا دورہ کرنے والے حماس کے ارکان پارلیمنٹ میں بیت المقدس سے بے دخل کیے گئے احمد عطون، محمد طوطح، رکن پارلیمنٹ احمد دراغمہ اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے فلسطین میں متعین بھارتی سفیر مھیش کومار اور سری لنکا کے محمد فوزان انور سے ملاقات کی۔
انہوں نے جنوبی ایشیا کے ملکوں کے سفیروں سے ملاقات کے دوران غرب اردن اور بیت المقدس میں اسرائیلی ریاست کے مظالم کے حوالے سے انہیں بریفینگ دی۔ ارکان پارلیمنٹ نے بتایا کہ اسرائیل ایک منظم پالیسی کے تحت فلسطین کے مقدس مقامات کو بھی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے سفیروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے حق میں آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
