(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے تین سماجی کارکنوں کو القدس میں میراتھن ریلی نکالنے کی مخالفت کی پاداش میں شہر سے بے دخل کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کےساتھ تعلقات کے قیام کی مخالفت میں سرگرم کمیٹی کے سیکرٹری جنرل اور دو دوسرے سماجی کارکنوں کو تین دن کے لیے بیت المقدس میں داخل ہونے سے منع کردیا گیا ہے۔ ان پرالزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ آج جمعہ کی شام بیت المقدس میں ہونے والی ایک میراتھن دوڑ کو ناکام بنانے کے لیے اس کی مخالفت میں مہم چلا رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل سے تعلقات کے قیام کی مخالف تنظیم کے سربراہ جہاد عویضہ کو اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں نے اپنی دفتر طلب کرکے اسے تین دن کے لیے شہر سے نکل جانے کا نوٹس تھما دیا۔ اس نوٹس میں لکھا ہے کہ جہاد عویضہ کی میراتھن دوڑ کے دوران بیت المقدس میں موجود یہودی آباد کاروں کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے اسے تین دن کے لیے بیت المقدس سے بے دخل کیا جاتا ہے۔
