(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں دو کم عمربچوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی بچوں کو قتل کرنے والا دشمن خود بھی کھی چین سے نہیں رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روز شہید بچوں یاسین ابو خوصہ اور اسراء ابو خوسہ کی تعزیت کے لیے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا اور اس موقع پر شہید بچوں کے والدین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے شہداء کےوالدین کے ساتھ گہری ہمدردی اور غم گساری کا اظہار کیا۔
خیال رہےکہ ہفتے کے روز شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے مقام پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں دو کم سن بہن بھائی یاسین اور اسراء شہید اور ان کا ایک بھائی ایوب شدید زخمی ہوگیا تھا۔ 12 سالہ ایوب اس وقت غزہ کی پٹی میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج ہے۔