(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’’اونروا‘‘ کا کہنا ہے کہ اسے جاپان کی جانب سے پناہ گزینوں کی فلاح بہبود کے لیے 38.21 ملین ڈالر کی رقم بہ طور امداد فراہم کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’’اونروا‘‘ کا کہنا ہے کہ جاپان کی جانب سے فراہم کی گئی امدادی رقم شام، لبنان، فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں عارضی طورپر رہنے والے فلسطینی پناہ گزینوں پر خرچ کی جائے گی۔اونروا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ریلیف ایجنسی کے ہائی کمشنر سینڈر میچل اور جاپانی سفیر تاکیشی اوکوبو کےدرمیان مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ہونے والی ملاقات میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اضافی امدادی رقم کی منظوری دی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیاہے کہ جاپان کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقم کی پہلی قسط 15 ملین ڈالر پر مشتمل ہے جسے غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں کی بہبود کے منصوبوں پر صرف کیا جائے گا جب کہ 20.87 ملین ڈالر غرب اردن، لبنان اور شام میں پناہ گزینوں کی صحت اور تعلیم کے منصوبوں پرصرف کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق 2.34 ملین ڈالر کی رقم غرب اردن میں عقبہ جبر نامی فلسطینی پناہ گزین کیمپ کے سوریج کے نظام اور اریحامیں پانی کی فراہمی پرخرچ کی جائے گی۔
