رپورٹ کے مطابق مسئلہ فلسطین کے لیے یہ اہم اقدام ’یورپ رابطہ گروپ برائے فلسطین‘[یورو پال فورم] کی جانب سےاٹھایا گیا ہے جس کا مقصد براعظم یورپ میں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کوباہم مربوط کرنا مظلوم فلسطینیوں کی آواز کو یورپی حکومتوں کے ایوانوں تک پہنچانا ہے۔
کانگریس برائے فلسطین کے لیے ’’یورو پال فورم‘‘ کے زیراہتمام سویڈن کے شہر پالمو میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یورپی ملکوں میں موجود فلسطینی قائدین، فلسطینیوں کی حمایت میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے اداروں کے مندوبین اور اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکاء نے براعظم یورپ میں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے ہونے والی مساعی کو مربوط بنانے کے لیے ’کانگریس برائے فلسطین‘ کے نام سے ایک نیا فورم تشکیل دینے سے اتفاق کیا۔
رپورٹ کے مطابق پالمو میں ہونے والے اجلاس میں کانگریس برائے فلسطین کے نام سے فورم کے قیام کے لیے آئندہ تین ماہ تک تمام ضروری کام مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد باضابطہ طورپر فورم کے تشکیل اور اس کے دفاتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
یورپ میں فلسطین رابطہ فورم کے چیئرمین زاھر بیراوی نے صحافیوں کو بتایا کہ موجودہ حالات میں مسئلہ فلسطین کو یورپی سطح پر بڑے پیمانے پر پذیرائی دلوانے کے لیے ایک موثر فورم کی ضرورت ہے جہاں سے اٹھنے والی آواز کی باز گشت یورپ کےطول وعرض میں پہنچ سکے اور یوں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے یورپی لابی تک آواز پہنچا کر اس فورم کے مقاصد کی تکمیل کی جاسکے۔
ایک سوال کے جواب میں بیراوی کا کہنا تھا کہ تمام یورپی ممالک میں اس وقت کئی ادارے کام کررہے ہیں۔ ہم ایک نئے ادارے کی بنیاد رکھ کرمحض ان اداروں کی تعداد میں اضافہ نہیں کررہے ہیں بلکہ مقصد تمام اداروں کی مساعی کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ان میں ربط و تعلق قائم کرنا اور فلسطینیوں اور یورپ کے درمیان ایک پل قائم کرنا ہے۔
