رپورٹ کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی خاتون مندوب حنان الخطیب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی خفیہ اداروں کے اہلکاروں اور فوجیوں نے تفتیشی کتوں کے ہمراہ العفولہ اسپتال پر چھاپہ مارا اور وہاں پر زیرعلاج فلسطینی مریضوں کو زدو کوب کیا۔
حنان الخطیب کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے العفولہ اسپتال میں تازہ چھاپہ مار کارروائی ایک ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب اسی اسپتال میں قید بھوک ہڑتال کرنے والے صحافی محمد اسامہ القیق نہایت تشویشناک حالت میں ہیں۔
حنان الخطیب نے بتایا کہ صہیونی فورسز کی جانب سے العفولہ اسپتال میں تلاشی کی کارروائی سے قبل اسپتال کے باہر انسانی حقوق کے مندوبین نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا جس میں محمد القیق کی رہائی کے لیے مطالبہ کیا گیا۔
