رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ رام اللہ کے مشرق میں ’’رامی لیوی‘‘ نامی تجارتی مرکز میں پیش آیا، جہاں واقعے کے وقت بڑی تعداد میں یہودی آباد کار خریداری میں مصروف تھے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی پرحملہ کرنے والے فلسطینیوں کی شناخت بسام ابراہیم صباح اور سلیم محمود طہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دنوں کی عمریں 14 سال بیان کی جاتی ہیں۔ اسرائیلی پولیس نے دونوں زخمی فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ یہودی فوجی ’’رامی لیوی‘‘ شاپنگ سینٹر میں جمعرات کی شام دو فلسطینی لڑکوں کے چاقو سے حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہوسکا اور دم توڑگیا۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت ’’طوبیاہ فائزمین‘‘ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمراکیس سال اور فوج میں سارجیٹ کےعہدے پرتعینات تھا۔
رپورٹ کے مطابق دو فلسطینی لڑکے رامی لیو شاپنگ سینٹر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود ایک اسرائیلی فوجی پر چاقو سے حملہ کردیا۔ فوجی اہلکار گردن پر چاقو حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فلسطینی حملہ آوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ دونوں بھی زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکوں کو بیت المقدس میں ھداسا اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے شاپنگ مال غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
