اسرائیل کے سرکاری ریڈیو پر نشر کی گئی خبر میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اولمرٹ ایک سال اور سات ماہ کی قید شمالی شہر الرملہ میں قائم ماعیساھو نامی جیل میں گذاریں گے۔ یہ اسرائیلی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے جب کسی سابق وزیراعظم کو باقاعدہ جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی سپریم کورٹ نے پچھلے سال کے آخر میں سنہ 2014ء کو جاری کردہ مرکزی عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کے بعد سابق وزیراعظم کی سزا کو چھ سال سے کم کرکے ایک سال سات ماہ کردیا تھا جس کے بعد انہیں پندرہ فروری 2016ء سے جیل میں ڈالنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 30 ستمبر 1945ء کو الخضیرہ شہر میں پیدا ہونے والے اولمرٹ نے نفسیات میں گریجویشن کی تھی۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز فوج کے زیرانتظام جاری ہونے والے جریدے’’بمحانیہ‘‘ میں ایک فوجی جرنلسٹ کے طورپر کیا۔
سنہ 1973ء میں انہوں نے یونیورسٹی سے انسانی حقوق کا ایوارڈ حاصل کیا۔ سنہ 1993ء سے 2003ء تک وہ بیت المقدس کے میئر کے عہدے پر تعینات رہے۔ سنہ 2006ء میں ارئیل شیرون پر ہونے والے دماغی حملے کے بعد اولمرٹ کو حکمراں جماعت ’’قدیما‘‘ کا صدر مقرر کیا گیا۔ سنہ 2008ء اور 2009ء کے دوران وہ اسرائیل کے وزیراعظم رہے تاہم کرپشن کے الزامات کے منظرعام پرآنے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
