(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی حکومت نے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو کل تیسرے روز بھی کھولے جانے پر مصری حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اورساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ قاہرہ رفح گذرگاہ کو مستقل بنیادوں پر کھولنے کے لیے اقدامات کرے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ وزارت خارجہ کے زیراہتمام انسداد ناکہ بندی کمیٹی اور استقبال وفود کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے ہفتے اور اتوار کے بعد کل سوموار کو بھی رفح گذرگاہ دوطرفہ ٹریفک کے لیے کھلی رکھ کرقابل تحسین اقدام کیا ہے۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ قاہرہ حکومت رفح گذرگاہ کو مستقل بنیادوں پر کھولنے لیے ٹھوس اقداما ت کرے گی۔خیال رہے کہ مصری حکومت نے کئی ماہ کی بندش کے بعد ہفتے اور اتوار کو رفح گذرگاہ دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھول دی تھی۔ بعد ازاں گذرگاہ کو سوموار کے روز بھی کھلی رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
رفح گذرگاہ غزہ کی پٹی کا بین الاقوامی آمدو رفت کا واحد بین الاقوامی راستہ ہے مگر سنہ 2013 ء میں مصر میں فوجی حکومت کےقیام کے بعد یہ گذرگاہ زیادہ تر بند رہی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کئی ماہ کے تعطل کے بعد ایک یا دو روز کے لیے گذرگاہ کھول دی جاتی ہے جس سے غزہ کے لاکھوں شہریوں کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
