(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے تازہ جنگی مشقیں شروع کی ہیں۔ یہ جنگی مشقیں اسرائیل میں اسکولوں اور جامعات پر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں یا بیرون ملک سے راکٹ حملوں سے نمٹنے کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔ اسکولوں پرراکٹ حملوں سے نمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں فوجیوں کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگی مشقوں کے دوران اسرائیل بھرمیں خطرے کے الارم بجائے جائیں گے اور فوجیوں کوہنگامی حالت میں اسکولوں تک پہنچانے اور فرضی زخمیوں کو اٹھانے کی تربیت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں تازہ جنگی مشقیں ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہیں جب دوسری جانب فلسطین میں اسرائیل کےخلاف تحریک انتفاضہ جاری ہے۔ اسرائیلی دفاعی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فلسطین میں جاری انتفاضہ کسی بڑی جنگ میں بدل سکتی ہے جس میں فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پرراکٹ حملے بھی کیے جاسکتے ہیں۔
