(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر دہرے فدائی حملے میں مزید دو فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد کل اتوار کے روز شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ باب العامود کے مقام پر دو فلسطینی لڑکوں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں ایک فلسطینی لڑکا موقع پر ہی شہید ہوگیا جب کہ اس کے ساتھی نے فرار کی کوشش کی مگر فوج نے تعاقب کرتے ہوئے اسے بھی گولیاں مار کر قتل کردیا۔فلسطینی وزارت صحت نے بھی ایک مختصر بیان میں بیت المقدس میں دو فلسطینی لڑکوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ادھر اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری کا کہنا ہے دونوں فلسطینی نوجوانوں نے باب العامود کے مقام پر فدائی حملہ کیا۔ ان کے پاس ایک خود کار بندوق تھی جس کی مدد سے انہوں نے پولیس پر فائرنگ کی کوشش کی مگر ان کی کوشش کامیاب ہونے سے قبل ہی فوج کی فائرنگ سے ایک لڑکا مارا گیا۔
قبل ازیں مغربی کنارے کے شہروں جنین، بیت لحم اور الخلیل میں تین الگ الگ واقعات میں تین فلسطینی نوجوان شہید کردیے تھے جس کےبعد گذشتہ روز شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔