(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت اللہ کے دیدار اور وہاں عبادت ہرمسلمان کی دلی تمنا ہے اور ہرمسلمان یہ بھی چاہتا کہ اس کی موت بھی اسی پاک سرزمین پرہو مگریہ اعزاز کم کم ہی لوگوں کو ملتا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے ایک فلسطینی نے حال ہی میں مسجد حرام میں نماز دوران حالت سجدہ میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے المغیر قصبے سے تعلق رکھنے والے الحاج نادر توفیق البزور المعروف ابو مراد عمرہ کی ادائی کے لیے مسجد حرام میں تھے جہاں وہ دوران نماز سجدے میں گئے اور وہیں ان کی روح پرواز کرگئی۔
جنین کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ الحاج نادر توفیق حال ہی میں ایک قافلے کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس گئے تھے جہاں وہ نماز کے دوران اللہ کو پیارے ہوگئے۔ اللہ کے گھرمیں آنے والے فلسطینی معتمر کو حرم مکی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
نماز کے دوران فوت ہونے والے شہری کے اہل خانہ اور اس کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ الحاج نادر بالکل صحت مند اور تندرست تھے۔
