(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غرب اردن سے غزہ کی پٹی میں اپنے گھر واپس لوٹتے ہوئے ایک معمر فلسطینی خاتون کو حراست میں لینے کے بعد ایک تفتیشی مرکز منتقل کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے 64 سالہ فلسطینی خاتون مزیونہ محمد الشاعر کوغزہ اور غرب اردن کے درمیان ’’ایریز‘‘گذرگاہ سے حراست میں لیا۔ مزیونہ الشاعر مسجد اقصیٰ میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے آئی تھیں جہاں سے واپسی پرانہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔حراست میں لی گئی فلسطینی خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ مزیونہ کے بارےمیں سخت پریشان ہیں کیونکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے انہیں کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مزیونہ محمد الشاعر اسرائیلی حکام سےاجازت حاصل کرنے کے بعد مغربی کنارے اور وہاں سے بیت المقدس میں ایک تقریب میں شرکت کرنے گئی تھیں۔ اس کے باوجود وہ نہیں جان سکے کہ آیا صہیونی فوجیوں نے انہیں کیوں کر حراست میں لیا ہے۔