رپورٹ کے مطابق عوامی محاذ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی تحریک انتفاضہ کے نتیجے میں صہیونی دشمن ہسٹیریا کا شکار ہوچکا ہے۔ آنے والے ہر روز صہیونی فوج کی وحشت اور درندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مگر دشمن یہ بات بھول رہا ہے کہ فلسطینی عوام طاقت کے سامنے اپنا سرجھکا لیں گے۔ اسرائیل ماورائے عدالت فلسطینیوں کو جتنا کچلنے کی کوشش کرے گا فلسطینیوں کی تحریک اتنی ہی زور پکڑے گی۔
عوامی محاذ نے منگل کے روز صہیونی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں الخلیل اور بیت لحم میں فلسطینی نوجوانوں کی شہادتوں پر رد عمل میں کہا کہ صہیونی فوج ماورائے عدالت فلسطینیوں کو شہید کرکے تحریک آزادی کچلنا چاہتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تین فلسطینیوں محمد کوازبہ عدنان المشنی اور سرور ابو سرور کی شہادت ماورائے قانون قتل کی بدترین مثال ہے۔ نہتے فلسطینی بچوں کو گولیاں مار کر شہید کرنا اسرائیل کی منظم ریاستی دہشت گردی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
