(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کا تسلسل ایک نئی جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔ اسرائیل کو غزہ پرحملے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت لاھیا میں صہیونی فوج کی توپخانے سے گولہ باری اور اس کے نتیجے میں ایک شہری کی شہادت اور تین کے زخمی ہونے کا واقعہ دشمن کی کھلم کھلا دہشت گردی اور جارحیت ہے۔ توپخانے سے گولہ باری غزہ پرحملے کے مترادف ہے۔خیال رہے کہ بدھ کے روز غزہ کے شمالی علاقے بیت لاھیا میں اسرائیلی فوج کی توپخانے سے کی گئی گولہ باری میں ایک فلسطینی شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والے چاروں فلسطینی عام شہری بتائے جاتےہیں۔
حماس نے اس واقعے پر شدید رد عمل ظاہرکرتےہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ نہتے شہریوں کے خلاف جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے۔ غزہ کی پٹی پر حملہ دشمن کی کھلی جارحیت اور ایک نئی جنگ مسلط کرنے کی سازش ہے مگردشمن کو غزہ کی پٹی جارحیت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔