(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پرتوپخانے سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک شہری شہید اور تین زخمی بتائے جاتے ہیں۔ گولہ باری میں شمالی غزہ کے بیت لاھیا قصبے کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی فوج کی توپخانے سے کی گئی وحشیانہ اور بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوا ہے جس کی شناخت موسیٰ زعیتر کے نام سے کی گئی ہے۔ گولہ باری سے تین فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گولہ باری کے بعد اسرائیلی فوجی بیت لاھیا میں داخل ہوئے اور شہر کے اندر گشت کرتے رہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب رہنے والے یہودی آباد کاروں کو گھروں سے باہر نہ نکلنےکا حکم دیا تھا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوج اور خفیہ ادارے شاباک کے حکام نے جاسوس طیاروں کی مدد سے ایک فلسطینی مزاحمت گروپ کی نشاندہی کی تھی جو بیت لاھیا کے قریب بارودی سرنگیں نصب کررہا تھا۔ گولہ باری میں اسی فلسطینی گروپ کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم فلسطینی ذرائع نے صہیونی فوج کے اس دعوے کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
